Ուրդուից News
Պակիստանը ուրդու News
امریکی دھمکیوں پر کُل جماعتی کانفرنس
Sep 29th
حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کے بارے میں امریکہ اور پاکستان میں اختلافات کے بعد قومی اتفاق رائے کے لیے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی جانب سے بلائی گئی کل جماعتی کانفرنس کے انتظامات مکمل کیے جا چکے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ کانفرنس جمعرات کی دوپہر کو سیکورٹی کے خدشات کے پیش…
امریکی حکومت ڈرون حملوں کے دفاع کے لیے میدان میں اتر آئی
Oct 18th
امریکی حکومت ڈرون حملوں کے دفاع کے لیے میدان میں اتر آئی ہے۔ پینٹا گون کا کہنا ہے کہ ڈرون حملے میں مطلوبہ ہدف سے لے کر صرف چالیس فٹ تک تباہی ہوتی ہے۔ پینٹاگون کی رپورٹ کے مطابق ویتنام جنگ کے دوران فضائی حملوںمیں تباہی مطلوبہ ہدف سے لے کر چار سو فٹ تک پھیلی ہوتی تھی جبکہ ڈرون حملوں میں کم تباہی پھیلانے والے لیزر گائیڈڈ میزائل استعمال کئے جاتے ہیں۔ پینٹاگون کے مطابق کسی ہدف پر حملہ کرنے سے پہلے چھے ضروری اقدام کئے جاتے ہیں جن میں ٹارگٹ کی نشاندہی کرنا، اس بات کا تعین کرنا کہ ہدف مکمل خطرہ بن چکا ہے، انٹیلی جنس کی جانب سے ہدف پر حملے کی حمایت لینا، اس بات کا تعین کہ ٹارگٹ پر حملہ امریکی مفاد میں ہوگا، حملے سے قبل ملکی اور بین الاقوامی قوانین کو جانچنا اور ہدف پر حملہ کرکے نتائج کا تجزیہ کرنا ہے۔ پینٹاگون کی جانب سے یہ رپورٹ امریکن سول لبرٹیز یونین کی جانب سے اوباما انتظامیہ کے ڈرون پروگرام کے خلاف مقدمہ دائر کئے جانے کے بعد عدالت میں پیش کی گئی ہے۔
بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز 4-0 سے جیت لی
Oct 18th
بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی مرتبہ ون ڈے سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ پانچویں اور آخری ون ڈے میں بنگالی ٹیم نے تین رنز سے کامیابی سمیٹ کر کیویز کو چار، صفر سے کلین سوئپ بھی کر دیا۔ڈھاکہ کے شیر بنگال سٹیڈیم میں بنگالی ٹیم کیویز کے سامنے شیر ثابت ہوئی۔ میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا لیکن کیویز نے اسے ایک سو چوہتر رنز پر ڈھیر کر دیا۔ امرءالقیس نے چونتیس اور کپتان شکیب الحسن نے چھتیس رنز اننگز کھیلی۔ کائل ملز اور ڈینیل ویٹوری نے تین تین کھلاڑیوں کو پیویلین پہنچایا۔ جواب میں کیویز کا آغاز تباہ کن ہوا اور بیس رنز پر آدھی ٹیم پیویلین واپس پہنچ گئی۔ آخری اوور میں نیوزی لینڈ کو آٹھ رنز درکار تھے لیکن وہ ایک سو اکہتر کے مجموعے پرہمت ہار گئے۔ گرانٹ ایلیٹ کے انسٹھ رنز بھی نیوزی لینڈ کے کام نہ آ سکے جبکہ روبیل الحسن نے چار کیویز ٹھکانے لگائے۔
صدر نے گورنر سندھ کا استعفیٰ منظور کرنے سے انکار کر دیا
Oct 18th
صدر آصف علی زرداری نے گورنر سندھ، ڈاکٹر عشرت العباد کا استعفیٰ منظور کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ گورنر سندھ استعفیٰ نہیں دیں گے۔ ایوان صدر میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری نے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی شدید مزمت کی اور کہا ہے کہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ صدر نے کراچی ٹارگٹ کلنگ میں جان بحق ہونے والوں کے خاندانوں سے اظہار افسوس کیا۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے صدر کو گزشتہ دو روز سے جاری ٹارگٹ کلنگ اور کراچی کی امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ صدر آصف علی زرداری نے ایسے شرپسندوں کے خلاف انکوائری کا حکم دیتے ہوئے سخت کارائی کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
ججز بحالی نوٹیفکیشن کی واپسی، از خود نوٹس کی سماعت ملتوی
Oct 18th
اٹارنی جنرل نے ججزبحالی نوٹیفکیشن واپس لینے کی خبرسے متعلق عبوری انکوائری رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کر دی،ازخودنوٹس کی سماعت انکوائری کمیٹی کی رپورٹ جمع کرانے تک ملتوی کردی گئی ہے۔ سپریم کورٹ میں ججزبحالی نوٹیفکیشن واپس لینے کی خبرسے متعلق ازخونوٹس کی سماعت کے موقع پر اٹارنی جنرل مولوی انوارالحق نے کہا کہ خبرکی انکوائری کےلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے ،اور نجی چینل کے چیف ایگزیکٹو وامق زبیری اور رپورٹر فخرالرحمان کونوٹس جاری کر دئیے گئے ہیں جنہوں نے 23اکتوبرکوآنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ ڈاکٹرشاہدمسعود نے ٹی وی پروگرام میں کہا ہے کہ ججوں کی بحالی سے متعلق نوٹیفکیشن کی واپسی کے حکم نامے پر دستخط بھی کر دئیے گئے تھے وہ اپنے بیان کی تائیدوتصدیق کرنے کوبھی تیارہیں۔چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم نے جوفیصلہ جاری کیا وہ حتمی ہے، اٹارنی جنرل نے بیان دیا کہ فیصلے کی نقول صدر، وزیراعظم ، تمام وفاقی سیکرٹریوں، چیف سیکرٹریوں اوردیگرحکام کوبھجوادی گئی ہیں۔جسٹس خلیل الرحمان رمدے نے کہا کہ کمیٹی نے یہ کیسے کہہ دیا کہ عدلیہ اورانتظامیہ کے درمیان کوئی خلیج یا تنازعہ ہے، عدلیہ اورانتظامیہ کا کوئی میچ یا جنگ ہورہی ہے جو ایسی رائے دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ این آراو کیس میں حکومت سمیت تمام فریقین نے یہ لکھ کردیا تھا کہ این آراوکا دفاع نہیں کریں گے، اسی لئے این آراوکوکالعدم قراردیا گیا، اس کے بعد جوہورہا ہے وہ سب کے سامنے ہے، جن کی سزائیں بحال ہوئیں انہیں اہم عہدوں پرفائزکیا گیا۔اپوزیشن لیڈرنے چیئرمین نیب کی تقرری چیلنج کی، کیا ہم نے انہیں ایسا کرنے کو کہا، سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں مزید اضافہ کرتے ہوئے قرار دیاکہ کسی حکومتی عہدیدارنے بیان جمع کرانے کی خواہش کا اظہارنہیں کیا۔
وکی لیکس آج عراق جنگ کے بارے دستاویزات شائع کرے گی
Oct 18th
توقع کی جا رہی ہے کہ متنازعہ ویب سائٹ وکی لیکس آج عراق جنگ کے بارے میں چار لاکھ خفیہ دستاویزات شائع کر ے گی۔ وکی لیکس اس سے پہلے افغان جنگ کے بارے میں ستر ہزار خفیہ دستاویزات منظر عام پر لائی تھی۔ پینٹا گون کے ترجمان کے مطابق ڈیٹا بیس کو تفصیلی طور پر چیک کرنے اور عراق جنگ کے حوالے سے حساس دستاویزات کے منظر عام پر لائے جانے کے بعد پیدا ہونے والے تاثر کا جائزہ لینے کیلئے کئی ہفتے قبل 120 رکنی ٹاسک فورس قائم کی جا چکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وکی لیکس امریکی ملٹر ی کو یہ دستاویزات واپس کرے۔
بھارت میں پہلی ایئرکنڈیشنڈ ڈبل ڈیکر ٹرین تیار
Oct 18th
پاکستان میں ریلوے کامحکمہ پہلے سے موجود ٹرینوں کونہیں سنبھال پارہاجبکہ ادھربھارت نے ملکی تاریخ کی پہلی ایئر کنڈیشنڈ ڈبل ڈیکر ریل گاڑی تیارکر لی ہے۔ پنجاب میں تیار کی گئی دس ایئرکنڈیشنڈڈبوں پرمشتمل یہ ٹرین ایک ماہ میں پٹڑیوں پر دوڑنا شروع کردے گی۔ خوبصورت اورجدیدسہولتوں سے آراستہ یہ ٹرین ابتدامیں آزمائشی طورپر ہواڑا سے دھن بندسیکشن پرچلائی جائے گی۔
یورپ میں ممکنہ حملے، سعودی سیکورٹی ایجنسی نے پہلے آگاہ کر دیا تھا
Oct 18th
سعودی عرب کی سکیورٹی ایجنسی نے یورپ اور خاص طور پر فرانس میں دہشت گردی کے ممکنہ حملوں سے کئی روز قبل خبردار کر دیا تھا۔ فرانس کے وزیر داخلہ برائس ہورٹیفیکس نے ٹی وی انٹرویو میں انکشاف کیا کہ سعودی عرب کی طرف سے یورپی حساس اداروں کو چند روز قبل یہ معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خطرہ حقیقی ہے اور ان کی حکومت کسی بھی ممکنہ حملے کے لیے الرٹ ہے۔ مغربی ممالک کے حساس اداروں نےدو ہفتے قبل انکشاف کیا تھا کہ پاکستان میں القاعدہ سے منسلک عناصر یورپ کے مختلف شہروں میں دہشت گرد حملے کرنے والے ہیں۔
ملکی صورتحال کے ذمہ دار آصف زرداری ہیں: نواز شریف
Oct 17th
میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال کے ذمہ دار آصف علی زرداری ہیں،انہوں نے تمام معاہدوں پر پانی پھیر دیا۔ لندن میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کسی معاہدے پر پوری نہیں اتری۔ ملکی حالات درست نہ کیے گئے تو سب قصور وار ہوں گے۔ ایسا پاکستان نہیں چاہتے جس میں عدالتوں اور سپریم کورٹ کا احترام نہ کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ دوہزار آٹھ کے الیکشن میں مسلم لیگ ن کیخلاف بدترین دھاندلی ہوئی۔میاں نواز شریف نے کہا کہ ملک اس وقت بہت مشکل حالات میں گھرا ہوا ہے، مثبت سوچ رکھنے والوں نے پاکستان کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں۔ جو حکومتیں کاسہ لے کر دنیا میں گھوم رہی ہوں، ان کی کون عزت کرے گا۔ اکبر بگٹی کے قتل کا احتساب ہوجائے تو بلوچستان میں امن لوٹ آئے گا۔
ایم کیو ایم کا حکومت سے علیحدگی اور گورنر سندھ کے استعفے پر غور
Oct 17th
کراچی کے کشیدہ حالات کے پیش نظر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی لندن اور کراچی کا مشترکہ ہنگامی اجلاس ہوا جس میں حکومت سے علیحدگی کے آپشن پر غور کیا گیا۔ جبکہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد آج رات صدر آصف زرداری سے ملاقات کریں گے جس میں ان کا اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا بھی امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے کراچی میں گزشتہ روز سے جاری فائرنگ اور پر تشدد واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے وزیر اعظم کو فون کر کے ایم کیو ایم کے تحفظات سے آگاہ کیا ، اور گذشتہ دنوں سے لیکر آج تک ہونے والی ٹارگٹ کلنگ اور پر تشدد واقعات پر بات چیت کی۔ جس کے بعد صدر آصف زرداری نے گورنر سندھ کو ملاقات کے لیے اسلام آباد طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق گونر سندھ نے اپنا استعفیٰ تیار کرلیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بات کا امکان ہے کہ گورنر سندھ صدر سے ملاقات میں اپنا استعفیٰ پیش کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر نے وزیر اعظم سے بات چیت کے دوران کہا ہے کہ حکومت میں اتحادی ہونے کے باجود ایم کیو ایم کی سنی نہیں جارہی اور شہر میں قتل و غارت گری کو روکا نہیں جارہا۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج رات گئے تک جاری رہنے کا امکان ہے جس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق کشیدہ حالات کے پیش نظر ایم کیو ایم انتہائی اقدام بھی اٹھا سکتی ہے۔
کامن ویلتھ گیمز میں بھارتی انتظامیہ پھر پریشان
Oct 13th
کامن ویلتھ گیمز ختم ہونے میں صرف دو دن باقی ہیں لیکن تنازعات اور شرمندگیوں کا سلسلہ بھارتی انتظامیہ کا پیچھا نہیں چھوڑ رہا۔ ناقص انتظامات کی شکایت پر آسٹریلیا نے اختتامی تقریب کے بائیکاٹ کی دھمکی دے دی۔ میگا ایونٹ میں آسٹریلیا کا تین سو اسی (380) رکنی دستہ شریک ہے۔ آسٹریلوی چیف ڈی مشن کو شکایت ہے کہ گیمز کی افتتاحی تقریب میں آسٹریلوی کھلاڑیوں کو سخت گرمی میں ایک گھنٹہ انتظار کرنا پڑا جس کی وجہ سے ایتھلیٹ دوبارہ اس کوفت سے گزرنے کو تیار نہیں۔ دھمکی ملنے پر بھارتی حکام آسٹریلیا کی ہر بات ماننے کو تیار ہو گئے ہیں، میگا ایونٹ کی اختتامی تقریب جمعرات کو ہوگی۔
یو ای ٹی لاہور میں زیر تعلیم گلگت کے نوجوان کی ہاسٹل میں خودکشی
Oct 13th
یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں زیر تعلیم گلگت کے رہائشی23سالہ نوجوان نے پر اسرار طور پر ہاسٹل کے کمرے میں خود کشی کر لی۔ ہاسٹل کے طلبہ کے مطابق صفوت غیور مکینیکل انجینئرنگ سال دوئم کا طالب علم تھا۔ منگل کے روز صفوت نے اپنی کلاسز ختم کرنے کے بعد ہاسٹل میس سے کھانا کھایا اور اپنے کمرے میں چلا گیا بعد میں اس کے روم میٹ نے کمرے میں جانا چاہا تو دروازہ اندر سے لاک تھا، کھٹکھٹانے کے بعد بھی دروازہ نہیں کھلا تو ہاسٹل وارڈن کی مدد سے تالا توڑا گیا جہاں کمرے میں صفوت کی لاش پنکھے سے جھول رہی تھی۔ ہاسٹل کے ساتھیوں کے مطابق صفوت نے جو خط چھوڑا ہے اس میں لکھا ہے کہ اس نے مالی مسائل کی وجہ سے خود کشی کی جب کہ صفوت کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اسکا باپ زمیندار ہے اور اسے گھر سے کوئی مالی پریشانی نہیں تھی۔
موجودہ حکومت کی کرپشن سے نیت بھری ہے نہ پیٹ، رانا ثنا اللہ
Oct 13th
صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی کرپشن سے نیت بھری ہے اور نہ ہی پیٹ، ان ہاوس تبدیلی ممکن نہیں لہٰذا ان سے جان چھڑانے کا آئینی طریقہ مڈٹرم الیکشن ہی ہے۔ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب کو غیر ذمہ دارانہ گفتگو کرنے کی بجائے اگر کسی فیصلے پر اعتراض ہے تو عدالتوں سے رجوع کریں، موجودہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو نہ تو نواز لیگ نے مقرر کیا اور نہ ہی بحال کیا لہٰذا چیئرمین نیب کی تقرری سے ان کا موازنہ نہ کیا جائے، چیئرمین نیب غیر جانب دار ہونا چاہئے تاکہ احتساب کا عمل شفاف ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اتحاد ٹوٹنے کا کوئی امکان نہیں کیونکہ پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی ہر صورت ہمارے ساتھ رہنا چاہتی ہے البتہ بابر اعوان اور گورنر پنجاب اتحاد میں خرابی کی کوشش کرتے ہیں۔
امریکا میں ڈرائیورز کے بغیر کاریں چلنے لگیں
Oct 13th
امریکا میں کاریں بھی ذہین ہوگئی ہیں۔ امریکی کمپنی نے الیکٹرانک برین کاریں تیار کی ہیں، یہ کاریں ڈرائیوروں کے بغیر لاکھوں کلومیٹر کا سفر طے کر چکی ہیں۔ تاہم ایک کار کا تجرباتی سفر اس وقت ناکام ہوگیا جب ایک سائیکل سوار اشارے کی خلاف ورزی کرتا ہوا کار کے سامنے آ گیا۔ جی پی ایس سے کنٹرول ہونے والی کار کو بہت مشکل کے ساتھ حادثے سے بچایا گیا۔
گوجرانوالہ: تاوان کیلئے اغوا ہونیوالا تاجر بے دردی سے قتل
Oct 13th
گوجرانوالہ سے دو لاکھ ڈالر تاوان کےلئے اغواکئے جانے والے تکہ شاپ کے مالک کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ گوجرانوالہ تھانہ سبزی منڈی کے مجاہد عرف ننھا کوا ٹھارہ روز قبل اغواکیا گیا تھا ۔ مغوی کی رہائی کےلئے اغوا کار دو لاکھ ڈالرتاوان کا مطالبہ کرتے رہے۔ پولیس نے موبائل ڈیٹا سے ملزموں کا سراغ لگا کر بختے والا کے رہائشی مہر ندیم اور اعجاز وغیرہ کو گرفتار کرلیا۔ جنہوں نے دوران تفتیش بتایا کہ مغوی مجاہد کو اغوا کے چند گھنٹے بعد ہی گلا دبا کر قتل کر دیا تھا اور نعش بوری میں ڈال کر نہر اپر چناب پپلی والا پل میں پھینک دی تھی۔ پولیس نے ریسکیو ون ون ٹوٹو کے غوطہ خوروں کی مدد سے نعش کی تلاش شروع کر دی ہے ۔



















































